متحدہ عرب امارات سے کن پاکستانیوں کو پہلے واپس بُلایا جائے گا
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اکیلی خواتین، میت کے ساتھ جانے والے افراد، قیدیوں، ٹرانزٹ ویزہ پر پھنسے پاکستانیوں اور ملازمت سے برطرف افراد کو پروازوں کے لیے ترجیح دی جائے گی-
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات میں ہزاروں پاکستانی متحدہ عرب امارات میں پھنس گئے ہیں۔ دُبئی میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے مطابق تقریباً چالیس ہزار پاکستانیوں نے فوری وطن واپسی کے لیے رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔ ان تمام افراد کو وطن بھیجا جائے گا، مگر انہیں ابھی انتظار کرنا ہو گا۔
امارات سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 28 اپریل تک خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں، پاکستان جانے والے تمام افراد کو کچھ روز کے لیے قرنطنیہ میں رکھا جائے گا ، رپورٹ کلیئر آنے کے بعد انہیں واپس گھروں کو جانے کی اجازت ہو گی۔ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وطن واپسی کی پروازیں فی الحال محدود ہیں، اس لیے پہلے ان لوگوں کو واپس بھیجا جائے گا، جو بہت زیادہ ہنگامی صورت حال سے دوچار ہیں۔
حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق جن لوگوں کو پروازوں میں سوار ہونے کے لیے ترجیح دی جائے گی، ان میں ایسی بال بچے دار خواتین شامل ہیں جن کے شوہر پاکستان میں موجود ہیں۔ معمر اور بیمار پاکستانی جن کی خراب صحت کے متعلق اماراتی حکومت نے میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کیا ہو۔ کسی پاکستانی کا انتقال ہونے کی صورت میں امارات میں مقیم اس کے ورثاء کو بھی فوری طور پر میت کے ساتھ بھیجا جائے گا۔
فضائی سفر کی پابندی کے باعث امارات میں ٹرانزٹ ویزہ پر پھنسے پاکستانیوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ حالیہ بحران کے دوران ملازمت سے برطرف کیے گئے پاکستانیوں اور اماراتی جیلوں میں قید کی سزا پُوری کرنے والے قیدیوں کو بھی فوری طور پر وطن واپس بھجوایا جائے گا۔ وزٹ ویزہ پر آنے والے پاکستانیوں کو بھی جلد از جلد وطن واپس بھجوانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وہ پاکستانی افراد اور خاندان جن کے کسی قریبی رشتے دار (والد، والدہ، بہن بھائی، بیوی بچے) کا انتقال ہوا ہو، انہیں بھی ترجیحی بنیادوں پر پاکستان جانے والی پروازوں میں سوار کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کئی ہفتوں سے فلائٹ آپریشنز بند کر رکھے ہیں، اور اس کی مُدت میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے تاہم حکومت پاکستان نے سمندر پار ممالک میں پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں شروع کی ہیں۔
جبکہ کچھ غیر مُلکی ایئر لائنز کو پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پاکستانی ایئرپورٹس پر لینڈ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق امارات سے ہر ہفتے خصوصی پروازوں کے ذریعے پانچ ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
No comments:
Post a Comment