لاڑکانہ میں پولیس اہلکار کی بیمار بچے کے والدین سے بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
تمہارا بچہ بيمار ہے، تو مرنے دو، تم تينوں بھوکے ہو تو ہمیں کيا؟ پولیس اہلکا ر
لاڑکانہ میں پولیس اہلکار کی بیماربچے کے والدین سے بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو بغیر کسی ضرورت کے گھر وں سے باہر نکلنے سے منع کیا گیا ہے۔ لیکن حکومتی احکامات کے مطابق بیماری کی صورت میں گھر سے نکلنے اور ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
لاڑکانہ میں پیش آنے والے واقعے میں دیکھا گیا ہے کہ پولیس اہلکار نے ایک بیمار بچے کے والدین سے بدتمیزی کی ہے اور گالیاں دی ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا گیاہے کہ بچے کے والد نے درخواست کی تھی کہ اس کا بچہ بیمار ہے، اسے ہسپتال جانے دیا جائے۔ لیکن اس کی بات سن کر پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ" تمہارا بچہ بيمار ہے، تو مرنے دو، تم تينوں بھوکے ہو تو ہمیں کيا؟"
بار بار درخواست پیش کرنے کے بعد بھی جب پولیس اہلکار نے بدتمیزی اور گالم گلوچ جاری رکھی تو اس پر والد کی جانب سے بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے پولیس اہلکار کو گالی دینے سے روکا گیا جس پر پولیس اہلکار اور زیادہ غصے میں آگیا اور والدین کو بچے کو ہسپتال نہیں لے جانے دیا گیا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک ایسا ہی واقع پیش آیا تھا جس میں وزیرآباد کے رہائشی ساغر کو ڈبل سواری پر ہسپتال جانے پر روک لیا گیا تھا۔جس کے بعد اس کا نومولود بچہ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ محمد نگر کا رہائشی ساغر نامی شخص اپنی 3 گھنٹے پہلے پیدا ہونے والے بچے کی طبیعت خراب ہونے پراسے اپنے بھائی کے ہمراہ ہسپتال لے جا رہا تھا ۔ راستہ میں اسے پولیس اہلکاروں نے روکا کیونکہ ڈبل سواری پر پابندی تھی۔ پولیس اہلکارو ں نے اس معاملے میں بھی بچے پر ترس نہیں کھایا تھا۔ آج اسی طرح کا ایک اور واقع لاڑکانہ میں بھی پیش آگیا ہے جہاں پولیس اہلکار کی بیمار بچے کے والدین کو گالیاں دیتے ہوئے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
No comments:
Post a Comment