پی آئی اے نے دُبئی میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے پروازوں کا اعلان کر دیا
پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پہلی پرواز 17 اپریل 2020ء دُبئی سے وطن واپس آئے گی
متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی آخرکار سُن لی گئی۔ پی آئی اے کی جانب سے 17 اپریل کو ایک خصوصی پرواز واپسی کے منتظر سینکڑوں پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچائے گی۔جبکہ مزید پروازوں کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔یہ پرواز دُنیا بھر میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے شروع کیے جانے والے فلائٹس آپریشن کے تحت شیڈول ہے۔
پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے گلف نیوز کو بتایا کہ اگلے چند روز میں فلائی دُبئی اور ایمریٹس ایئر لائنز کو بھی امارات میں واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو پاکستانی ایئرپورٹس پر پروازیں اُتارنے کی اجازت مل جائے گی۔ فی الحال پاکستانی ایئرپورٹس پرقرنطینہ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جو آخری مراحل میں ہیں، جن کی تکمیل کے بعد پاکستانی ایئر پورٹس پر مختلف ایئر لائنز کو فلائٹس اُتارنے کی اجازت مل جائے گی۔
جو پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس آنا چاہتزے ہیں، انہیں اپنی ٹکٹس کی بکنگ کے لیے پی آئی کے دفاتر سے رابطہ کرنا ہوگا، یا پھر ویب سائٹ اور کال سنٹر کے ذریعے بھی ٹکٹ بک کرائی جا سکتی ہے۔ پی آئی اے کے مطابق دُبئی سے وطن واپس آنے والی خصوصی پرواز کی بکنگ پاکستان سے بھی کروائی جا سکتی ہے۔ عہدے دار نے مزید بتایا کہ پاکستانی حکومت بھی دُنیا بھر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
اس وقت متحدہ عرب امارات میں 25 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے فوری وطن واپسی کے لیے پاکستانی قونصل خانے میں رجسٹریشن کروا لی ہے، جو کئی ہفتوں سے امارات میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ پی آئی اے کی 15 اپریل اور 16 اپریل کی دو خصوصی پروازوں کے ذریعے اومان کی جیلوں میں قید 360 پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اوورسیز پاکستانیوں کی پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں بتایا کہ اس وقت 39,748پاکستانی مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، جن کی وطن واپسی کے لیے جلد انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں 1,640 پاکستانیوں کو 12 خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ اس کے بعد کے مرحلے میں18 سو سے زائد پاکستانیوں کو دُنیا بھر کے مختلف ممالک سے واپس لایا جائے گا۔
No comments:
Post a Comment