بیرون ممالک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کیلئے فضائی کرائے میں کمی کرنے کا حکم
قومی ائیرلائن پی آئی اے کے سی ای او نے اضافی کرایوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ذمے داران کیخلاف کاروائی کی ہدایت کر دی
بیرون ممالک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کیلئے فضائی کرایوں میں کمی کرنے کا حکم، قومی ائیرلائن پی آئی اے کے سی ای او نے اضافی کرایوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ذمے داران کیخلاف کاروائی کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو ملک واپس لانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
تاہم بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی جانب سے مسلسل شکایت کی جا رہی ہے کہ ان سے وطن واپسی کیلئے اضافی کرایہ طلب کیا جا رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں قومی ائیرلائن پی آئی اے کے سربراہ ائیر مارشل ارشد ملک نے معاملے کو نوٹس لیا ہے۔ پی آئی اے کے سی ای او نے حکم جاری کیا ہے کہ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کیلئے کرایوں میں فوری کمی کی جائے۔
اور جو عناصر زیادہ کرایہ وصول کرنے میں ملوث ہیں، ان کیخلاف فوری کاروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے 20 سے 28 اپریل تک دنیا بھر میں پھنسے 6 ہزار 5 سو افراد کو وطن واپس لایا جائے گا۔
زلفی بخاری نے اپنے بیان میں سفر کرنے والے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ یہ غیر معمولی حالات ہیں، کسی بھی تکلیف سے بچنے کیلئے جہاز پر سوار ہونے سے پہلے ٹریول ایس او پی سے واقف ہوں۔ یہاں واضح رہے کہ اب تک متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے کچھ پاکستانیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔ گزشتہ ماہ کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث تقریباً تمام ہی ممالک نے فضائی آپریشن بند کر دیا تھا، جس کے باعث 40 ہزار سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔
No comments:
Post a Comment