دُبئی کے علاقے جبلِ علی میں بھارتی کارکن کی خود کُشی
47 سالہ بھارتی باشندے نے پہلے اپنی ٹانگ کی نسیں کاٹیں اور پھر تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی
دُبئی میں مقیم ایک بھارتی شہری نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ یہ واقعہ جبلِ علی کے علاقے میں کل صبح پیش آیا۔ جبلِ علی پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیر عادل السویدی نے بتایا کہ مرنے والا بھارتی شخص اشوک پُرشوتمن کی عمر 47 سال تھی جو روزگار کی غرض سے امارات میں مقیم تھا۔
اشوک نے خود کُشی کی نیت سے پہلے اپنی ٹانگ کی نسیں کاٹیں اور پھر تیسری منزل سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ پولیس کو دوپہر بارہ بجے اس واقعے کی اطلاع دی گئی۔ کال کرنے والے نے بتایا کہ ایک بھارتی شہری نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی ہے جو نیچے کھڑی ایک بس پر جا گِرا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور طبی امداد کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔
موقع پر پہنچ کر دیکھا گیا تو بھارتی شہری شدید زخمی حالت میں وہاں پڑا تھا، جسے فوری طور پر راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ اندرونی چوٹوں کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکا۔ فی الحال اشوک کی خود کُشی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، بظاہر لگتا ہے کہ اس نے ذاتی وجوہات کی بناء پر یہ بڑا قدم اُٹھایا ہے۔ آس پاس کے لوگوں کی جانب سے شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید اس نے کورونا سے متاثر ہونے کے باعث خود کشی کی ہے۔
تاہم پولیس کے مطابق ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ اشوک جس عمارت میں مقیم تھا وہ صاف سُتھری حالت میں تھی اور وہاں کورونا کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا تھا۔ پولیس کی جانب سے اشوک کی موت سے متعلق تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ دُبئی میں وقع بھارتی قونصل جنرل نے بھی گلف نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر بھارتی کارکن کی خود کشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات کے انتظار میں ہیں۔ فی الحال تو یہ واقعہ خود کشی کا ہی نتیجہ لگتا ہے، تاہم فارنزک ٹیسٹ کی رپورٹس آنے کے بعد ہی اس امکان کی تصدیق ہو سکے گی۔
No comments:
Post a Comment